شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و مرکزی انجمن تاجران کے چیئرمین الحاج ملک محمد اسلم بلوچ نے مجید نظامی کی سالگرہ کے موقع پر انکی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جناب مجید نظامی ہماری قومی تاریخ کا ایک درخشاں کردار اور صحافتی تاریخ کا سنہرا باب تھے، انہیں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زیر قیادت تحریک پاکستان میں سرگرم کردار ادا کرنے کا اعزاز حاصل تھاتعمیر پاکستان کے ضمن میں بھی اُنہوں نے انمٹ اور گرانقدر خدمات سرانجام دیں ان کے دل و دماغ دین اسلام اور پاکستان سے محبت کی آماجگاہ تھے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الحاج ملک محمد اسلم بلوچ نے کہا کہ جناب مجید نظامی صحیح معنوں میں عاشق رسولؐ تھے وہ اس مملکت خداداد کو حضور اکرمؐ کا روحانی فیضان تصور کرتے تھے چنانچہ انہیں اس کے خلاف ایک لفظ سننا بھی گوارا نہ تھا اگر یہ کہا جائے کہ وہ پاکستان کے بدخواہوں کیلئے شمشیر برہنہ تھے تو ہرگز مبالغہ نہ ہوگا ان کی شخصیت سے حب الوطنی کی کرنیں منعکس ہوتی تھیں جو اردگرد موجود افراد کو بھی اس مملکت کی محبت میں سرشار کردیتی تھیں۔