اسلام آباد(عبدالستار چو ہدری )وزیراعظم عمران خان کی جانب سے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لئے جو سرپرائز دیا گیا ہے اس نے جہاں ایوان میں اپوزیشن رہنماؤں کو دیر تک ورطہ حیرت میں ڈالے رکھا وہیں یہ فیصلہ خاص و عام کے لئے بھی انتہائی غیر متوقع ثابت ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے اس رولنگ دلوانے کے حوالے سے دو روز قبل ماہرین قانون اور قریبی ساتھیوں سے مکمل مشاورت کی تھی اور اس پہلو پر بھی غور کیا گیا تھا کہ اگر اپوزیشن کی جانب سے رولنگ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا تو عدالت میں دھمکی آمیز خط کا معاملہ کھل کر ڈسکس ہو گا اور اس کے نتیجے میں بھی پی ٹی آئی کو عوامی حاصل ہو گی جب کہ اپوزیشن کے غیر ملکی سفارتکاروں سے روابط کی تفصیلات منظر عام پر آئیں گی جو عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے لئے کامیابی کی نوید بن سکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اس سلسلے میں ڈاکٹر بابر اعوان، فواد چودھری، اٹارنی جنرل کے علاوہ معروف قانون دان اظہر صدیق سے بھی مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی اس حکمت عملی کے متعلق پارٹی کے مرکزی رہنما بھی لاعلم تھے اور اپوزیشن کے ساتھ ساتھ انہیں بھی سپیکر کی رولنگ دینے کے بعد ہی اس سرپرائز کا انکشاف ہوا۔