لاہور (بزنس رپورٹر) : ہنڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ نے آٹو موبائل پروڈکشن میں مجموعی طور پر 5 لاکھ یونٹس مکمل ہونے پر اپنی فیکٹری واقع مانگا منڈی لاہور میں ایک یادگار تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب کے موقع پر نئی ہنڈا سوک2022 پروڈکشن لائن سے گزاری گئی جو کہ5 لاکھویں گاڑی کی یاد میں منائی گئی تھی۔ یہ یادگار سنگ میل ہنڈا پاکستان پر پاکستانی کسٹمرز کے اعتماد اور بھرپور معاونت کی علامت ہے۔ کمپنی طویل مدتی سرمایہ کاری کے ذریعے ملک کے آٹوموبائل بزنس میں اپنا نمایاں کردار ادا کرتی رہے گی۔ہنڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ کے عامر ایچ شیرازی، چیئرمین، مسٹر ہیرونوبو یوشیمورا، پریزیڈنٹ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، مسٹر کاتصومی کسائی ، وائس پریزیڈنٹ پروڈکشن مقصودالرحمان رحمانی کمپنی سیکرٹری،وائس پریزیڈنٹ )ایچ ا?ر اینڈ ایڈمن( کے علاوہ کمپنی کی ٹاپ مینجمنٹ اور ایسوسی ایٹس نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ عامر ایچ شیرازی، چیئرمین ،ہنڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈنے اِس سنگ میل عبور کرنے پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا اورہنڈا اٹلس کارز کی ٹیم کواس مبارک موقع پرسراہا۔ اْنہوں نے کہا میں اپنے کسٹمرز کا ہماری مصنوعات پر یقین پر شْکر گزار ہوں۔ ہنڈا نے پاکستان میں کئی ریکارڈ توڑ ماڈلز متعارف کروائے جنہیں ہمارے کسٹمرزپسند کرتے ہیں۔ آج ہنڈا نے500,000 خواب پْورے کیے ہیں اورآنے والے دنوں میں مزید بہت سے خواب پورے کرے گی۔ مسٹر ہیرونوبو یوشیمورا نے کہامیں پاکستانی کسٹمرزکے اعتماد اور تقریباََ 3دہائیوں کے مضبوط تعاون پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں جس کی وجہ سے ہنڈا اٹلس کارز نے ایک اہم پیداواری سنگ میل عبور کیا۔ہم بہترین معیار کی مصنوعات فراہم کرتے رہیں گے جو صارفین کی توقعات سے کہیں زیادہ ہیں۔ہنڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ نے مئی 1994ء میں سوِک کی لانچ کے ساتھ بزنس آپریشنز کا آغاز کیا اور جنوری 1997ء میں سٹی کو بھی پروڈکشن لائن میں شامل کرلیا۔ دسمبر 2005ء میں ایک لاکھ یونٹس اور صرف 7 سال بعد جولائی 2012ء میں کمپنی نے 2 لاکھ یونٹ بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ کمپنی نے 2016ء میں مجموعی طور پر 3 لاکھ یونٹ بنانے کا سنگ میل عبور کرلیا اور کمپنی نے 2018ء میں مجموعی طور پر 4 لاکھ یونٹ کا سنگ میل حاصل کیا۔