افغانستان کومعاشی بحران میں دھکیلنے کی کوشش کی جا رہی،سردار احمد خان شکیب 

Apr 04, 2022


اسلام آباد(خبر نگار)پاکستان شریعت کونسل کی افغان رابطہ کمیٹی کے اراکین نے اسلام آباد میں افغانستان کے نمائندے سردار احمد خان شکیب سے ملاقات کی ،ملاقات کرنے والوں میں کونسل کے نائب امیر مولانا عبدالرزاق(فیصل آباد )مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عبدالرف محمدی، اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری مولانا حافظ سید علی محی الدین، مولانا تنویر احمد اعوان، مفتی ندیم احمد، مولانا رومان احمد شامل تھے،ملاقات میں افغانستان کے موجودہ حالات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، افغان نمائندے سردار احمد خان شکیب کا کہنا تھا کہ افغان عوام اور وہاں کی حکومت کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ،اپنی مدد آپ کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشی بحران میں دھکیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اقتصادی پابندیوں میں جکڑا جا رہا ہے ،ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں کوئی انسانی المیہ جنم نہ لے۔
 ،سردار احمد خان شکیب نے پاکستان شریعت کونسل کی یکجہتی افغانستان مہم اور دیگر سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کونسل نے اپنے افغان بھائیوں کی داد رسی کیلئے خوب انداز میں آواز اٹھائی، انہوں نے کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانازاہد الراشدی کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کے جید علمائے کرام ہماری دینی و شرعی رہنمائی کریں اور جدید مسائل کے حوالے سے حل تجویز کریں،انہوں نے پاکستانی بھائیوں سے اپیل کی کہ وہ ہمیشہ کی طرح مشکل کی اس گھڑی میں بھی  اپنے افغان بھائیوں کو تنہا نہ چھوڑیں۔

مزیدخبریں