پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما چودھری فواد حسین نےکہا ہے کہ ان کی جماعت موجودہ سیاسی صورتحال کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق آگے بڑھے گی۔ آج اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عدالت عظمیٰ پر اثر انداز ہونے کی کسی بھی کوشش کی مزاحمت کی جائے گی۔ آئین کے آرٹیکل 63 اے کا حوالہ دیتے ہوئے چودھری فواد حسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ایوان میں ارکان کی خرید وفروخت کو فروغ دیتے ہوئے آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔ چودھری فواد حسین نے کہا کہ عوام عام انتخابات کےلئے تیار ہیں جو نوے روز میں ہونگے، انہوں نے کہا کہ اپنے نمائندوں کا انتخاب عوام کا حق ہے۔