راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) دربار عالیہ عید گاہ شریف میں حضور نبی کریم ؐ کے ارفع و اعلی میلاد پاک کے سلسلہ میں ماہانہ محفلِ بارہویں شریف کے موقع پر عظیم الشان محفلِ ذکرِ قرآن و صاحبِ قرآن ؐ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کی جبکہ اپنے خصوصی خطاب میں پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ حضور نبی کریم ؐ کی غلامی و اتباع کے ذریعے ہی امتِ مسلمہ دین و دنیا میں سر خرو ہو سکتی ہے اور ربِ کریم کی رضا کو پا سکتی ہے۔زندگی میں ا یک دفعہ پھر نہایت با عظمت ماہِ رمضان المبارک میں عظیم الشان میلادِ مصطفی ؐ کے موقع پر ہم سب اکھٹے ہیں جو کہ ربِ کریم کا خصوصی فضل و کرم ہے۔ربِ رحمن قرآنِ کریم میں ارشاد فرماتا ہے کہ یہ کتاب متقین کے لئے ہدایت ہے۔حضور نبی کریم ؐ ارشاد مبارک فرماتے ہیں کہ میں تمہارے درمیان دو چیزیں قرآنِ کریم اور اپنے اہلِ بیتِ اطہار چھوڑے جا رہا ہوں جب تک ان سے وابستہ رہو گے گمراہ نہ ہو گے اور میری امت کا سب سے بڑا فخر اور شرف قرآنِ کریم ہے۔صاحبِ قرآنِ کریم ؐ فرماتے ہیں کہ قربِ قیامت ایسے فتنے ہوں گے کہ ایک شخص بظاہر قرآنِ کریم کا درس دیتے ہوئے کئی مرتبہ قرآنِ کریم کا ذکر تو کرے گا لیکن ایک مرتبہ بھی وہ آپ ؐ کا ذکرخیر نہ کریگا درحقیقت اس شخص نے قرآنِ کریم سے رجوع ہی نہ کیا ہو گا اگر وہ قرآنِ کریم سے رجوع کرتا تو قرآنِ کریم اسے ضرور صاحبِ قرآنِ کریم ؐ کے قدمین شریفین میں لے آتا اوریہ ماہِ مبارک رمضان تو ہے ہی نزولِ قرآنِ کریم کا مہینہ جس کے متعلق ہمارے آقا و مولا ؐ نے فرمایا کہ میری امت رسوا نہ ہو گی جب تک ماہِ رمضان المبارک کی عظمت و توقیر کرتی رہے گی۔اس عظیم الشان محفلِ ذکرِ قرآن و صاحبِ قرآن ؐمیں کثیر تعداد میں علمائے کرام، مشائخِ عظام، وابستگانِ عید گاہ شریف، عوام الناس اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی جبکہ نعت خوانانِ عظام جن میں حافظ غلام مصطفی قادری(کراچی)و دیگر نے دربارِ رسات مآب ؐ میں نذرانہِ عقیدت پیش کیا۔ محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پیرمحمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحا دبین المسلمین کے لئے خصوصی دعا پر ہوا جس کے بعد وسیع و عریض افطاری کا بھی اہتمام تھا۔