لاہور (خبرنگار) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اربوں روپے کرپشن کی تحقیقات کیلئے اینٹی کرپشن نے سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف انکوائری شروع کردی۔ ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق سابق صوبائی وزیر کو آج دوپہر بارہ بجے طلب کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد پر پارکنگ ،کنٹین اور صفائی کے ٹھیکوں میں رشوت لینے کا الزام ہے جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی سی ڈاکٹر بلال محی الدین، ایم ایس ڈاکٹر محمد تحسین کو ڈاکٹر یاسمین راشد کو کروڑوں روپے رشوت دینے اور انکے خرچے اٹھانے کے الزام میں تحقیقات کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ اے ایم ایس پرچیز ڈاکٹر شکیل اور اے ایم ایس سٹور فارمیسی ڈاکٹر مسعود نواز کو بھی اینٹی کرپشن پنجاب نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے ہمراہ طلب کرلیا۔ تحریک انصاف کے سابق ممبر پنجاب اسمبلی نعیم ابراہیم اور پیر احمد شاہ کھگہ کے خلاف بھی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب میں انکوائری کا آغاز کر دیا گیا۔