لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف مقدمات کے اخراج کے لیے دائر درخواست پر عمران خان کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث سماعت بغیر کارروائی پانچ اپریل تک ملتوی کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے بطور اعتراضی درخواست سماعت کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ عمران خان کے سینئیر وکیل سلمان صفدر سپریم کورٹ مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہو سکے، اعتراضات پر دلائل کے لیے سماعت کے لیے کوئی اور دن مقرر کر دیا جائے، عدالت نے عمران خان کے وکیل کو دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت 5 اپریل تک ملتوی کر دی۔ رجسٹرار آفس نے مقدمات کی مصدقہ نقول لف نہ ہونے اور دیگر صوبوں میں درج مقدمات کی بناء پر عدالتی دائرہ اختیار نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا ہے۔ عمران خان کے وکیل کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف ملک بھر میں 121 جھوٹے مقدمات درج کر دیئے گئے ہیں۔ بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات کا اندراج آئین کی خلاف ورزی ہے، استدعا ہے عدالت مقدمات کو خارج کرنے کے احکامات جاری کرے۔