اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے صدر و چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور اور جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ پنجاب چوہدری شافع حسین نے گزشتہ روز مسلم لیگ ہاؤس لاہور میں اہم امور پر ملاقات کی۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے ضلع میں پارٹی آرگنائزر منتخب کئے جائیں گے جو پاکستان مسلم لیگ کو ضلعی سطح پر مزید مضبوط اور آرگنائز کریں گے جس کے بعد ضلع صدور و جنرل سیکرٹری کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر چوہدری سرور نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی سیاسی بصیرت، رواداری اور خدمت کی سیاست کو دیکھ کر مسلم لیگ میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا۔چوہدری شجاعت حسین ہی وہ واحد شخصیت ہیں جن کی عزت و اخترام ملک کی تمام سیاسی جماعتیں کرتی ہیں۔ اس موقع پر چوہدری شافع حسین نے کہا چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ملک میں جاری سیاسی عدم برداشت کو ختم کرانے میں کردار ادا کر سکتی ہے چوہدری شجاعت حسین کی خواہش ہے کہ ملک میں جاری کشیدگی کو ختم کیا جائے اور ملکی ترقی اور معاشی بحران سے نکلنے کیلئے سیاست سے بالاتر ہو کر اقدام کئے جائیں۔