عید بعد بڑا آپریشن ، مافیاز کراچی سے بوریا بستر گول کرلیں : گورنر سندھ 

Apr 04, 2023


کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاہے کہ مافیاز کو پھروارننگ دیتا ہوں کہ کراچی سے بوریا بستر گول کرلے سرجانی میں عید کے بعد قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن ہوگا۔ بعض لوگوں کو عوام کی افطاری کے لیے میرے پکوڑے تلنے پر اعتراض ہے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری سحری میں کراچی کے علاقے سرجانی ٹاﺅن میں واقع فوڈ اسٹریٹ پہنچے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ عوامی افطاری کے لیے اگر میں پکوڑے بنا رہا ہوں تو اس میں کیا برائی ہے؟،میں عوام کے لیے ہر کام کرنے کے لیے تیار ہوں، تنقید کرنے والے کسی حال میں خوش نہیں رہ سکتے۔انہوں نے کہاکہ تنقید کرنے والے اپنا کام کرتے رہیں، میں اپنا کام کرتا رہوں گا، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا میرا عزم ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ عوام ہر صاحبِ اختیار کو اپنے درمیان دیکھنا چاہتے ہیں، سرجانی میں عید کے بعد قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور آپریشن ہو گا۔گورنرسندھ نے کہا کہ 50 ہزارنوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کرانے کی تیاریاں مکمل ہیں۔واضح رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ شام گورنر ہاﺅس میں ہونے والی عوامی افطاری کے لیے پکوڑے تلتے ہوئے ویڈیو شیئر کی تھی۔

مزیدخبریں