ملتان‘ کوٹ ادو‘ میاں چنوں‘ کوٹ سرور شہید‘ جہانیاں‘ ٹاٹے پور‘ تونسہ شریف‘شجاع آباد‘سرگودھا (خبر نگار خصوصی‘ سٹاف رپورٹر‘ نمائندوں سے) جنوبی پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈیرہ غازی خان‘ مظفر گڑھ‘ کوٹ ادو‘ ملتان‘ لاہور ‘ سرگودھا و دیگر شہروں میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ جبکہ کوہ سلیمان پر طوفانی بارش سے رود کوہیوں میں طغیانی آ گئی جس نے علاقے میں تباہی مچا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ ادو میں طوفانی بارش اور ژالہ باری نے ہر طرف تباہی مچا دی طوفانی بارش نے جل تھل کر کے رکھ دیا، گرڈ اسٹیشن کے تمام فیڈر ٹرپ ھونے سے شہر اور نواحی علاقوں میں برقی رو معطل ہوگئی۔ شہر کی جی ٹی روڈ، تھانہ روڈ، منڈی مویشیاں روڈ، نورشاہ روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر پانی کا راج۔ گندم چنے سمیت دیگر فصلات کو شدید نقصان پہنچنے اور آم کے باغات متاثر ھونے سے کسان طبقہ میں شدید پریشان ہے۔ ملتان کے ملحقہ علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ بارشوں کا سلسلہ مسلسل جاری رہنے سے گندم اور آم کی فصل کو نقصان پہنچا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ جہانیاں میں بارش اور بعض نواحی علاقوں میںژالہ باری سے گندم، سرسوں، سبزیات کی فصلوں اور آم کے باغات کوبھی نقصان پہنچا۔بجلی کی فراہمی کے فیڈر بھی ٹرپ کرگئے۔تونسہ شریف میں 14 گھنٹے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رات بھر کوہ سلیمان میں ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ رود کوہی کوتانی رود کوہی وہوا میں پانی کی سطح بلند ہونے کے ساتھ ہی رود کوہی کے کٹاو کا عمل شروع ہو گیا ہے رود کوہی کے کٹاو کے باعث بستی کوتانی بستی لکھانی کے پچاس ہزار نفوس پر مشتمل آبادی کو شہر سے ملانے والی واحد رابطہ پل ٹوٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے علاقہ مکین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کٹاو کے عمل کو روکنے کےلئے فوری اقدامات کرے جبکہ رود کوہیوں میں آنے والی متوقع سیلابی پانی کے پیش نظر ریسکیو ٹیم کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ریڈ الرٹ جاری درہ مٹی مہوئی اور سنگھڑ میں طغیانی سیلاب متاثرہ علاقے خالی کرنے کا کہا گیا ہے۔رات بھر جاری رہنے والی بارش اور ژالہ باری کے باعث تونسہ شریف میں گندم اور چنے کی فصل مکمل تباہ ہو چکی ہے۔ رود کوہی کے سیلابی پانی کے کٹاو کے باعث 100سے زائد مکانات زمین برد ہو گئے جبکہ کوہ سلیمان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکیں بلاک ہونے سے کوہ سلیمان کے مکین محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ علاقہ پجادھ میں 50 فیصدگندم کی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔ سیلابی پانی سے بستی سنگھی والی کے پچاس گھر کٹاو¿ کی زد میں آ گئے اور ایک مسجد بھی شہید ہوگئی۔ میاں چنوں‘ چوک سرور شہید‘ ٹاٹے پور و دیگر شہروں میں بھی بارش‘ ملحقہ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی جس سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔شجاع آباد سے تحصیل رپورٹرکے مطابق شجاع آباد سکندرآبادگردونواح میں طوفانی کے ساتھ ژالہ باری آم باغات گندم کی فصل کو شدید نقصان طوفانی بارش علاقے جل تھل کا منظر پیش کر نے لگے۔سرگودھا میں شدید بارش کے دوران چک 39 شمالی ریلوے پھاٹک کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے شہری شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو نے فوری طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال ایمرجنسی منتقل کیا گیا‘ لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا جس کی شناخت سمیت پولیس مصروف تفتیش ہے۔