اسلام آباد(نا مہ نگار)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ان کی 44 ویں برسی پر زبردست خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا متفقہ آئین اور ناقابل تسخیر دفاع شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ولولہ انگیز وژن کا مرہون منت ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک ایسے رہنما تھے جنہوں نے پاکستانی عوام کی امنگوں کی بہترین انداز میں ترجمانی کی، شہید ذوالفقار علی بھٹو ذہانت، ہمت، بہادری اور ولولہ انگیز وژن کی حامل شخصیت تھے جنہوں نے غریب، پسماندہ اور متوسط طبقات کے حقوق کے لیے انتھک جدو جہد کی، ان کی قیادت اور وژن نے ہماری قومی تاریخ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کی 44 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اس ضرورت پر زور دیا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 میں پاکستان کے آئین کے مسودے کو متفقہ طور پر منظور کروانے میں کلیدی کردار ادا کیا اورآئینی اصلاحات کے عمل میں قائدانہ کردار ادا کیا اور ان کی حکومت نے ملک کا پہلا جمہوری آئین لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ شہید بھٹو کی زندگی، ان کا وژن، جمہوری، ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کی جانب ایک اہم اقدم تھا۔انہوں نے مزید کہا ہمیں اپنے آپ کو ان کے وژن اور جمہوریت اور سماجی انصاف کے تصورات کے لیے وقف کرنا چاہیے ۔