خیبر پی کے ،خواتین ، اقلیتی نمائندوں نے حلف نہیں اٹھایا،الیکٹورل کالج نامکمل :لیاقت بلوچ

لاہور(خصوصی نامہ نگار) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ خیبرپی کے صوبائی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر خواتین اور اقلیتی نمائندوں نے حلف نہیں اٹھایا۔ جس کی وجہ سے الیکٹورل کالج نامکمل ہے۔ اِسی طرح قومی اسمبلی، پنجاب، سندھ اور بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریکِ انصاف کے حق کی مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں کو دے کر بھی حلف اٹھانے والے ممبرز متنازع ہیں اور صوبائی اسمبلی میں سینیٹ کے انتخاب بھی مشکوک ہی ہیں۔ اِس صورتِ حال میں چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب عملاً آئین سے متصادم ہوگا۔ ایوانِ بالا سینیٹ اِس وقت غیرفعال ہے اور نئے سینیٹ ممبران کا چناؤ بھی متنازع ہے، جس سے سینیٹ کی فعالیت عملاً سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے کے ساتھ مشروط ہے۔ حکمران اتحاد سینیٹ کو متنازع بنانے کی بجائے ترجیحی بنیادوں پر الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے خلاف اعلیٰ عدالتوں میں جلد فیصلے کیلئے اقدامات کرے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے تنازع اور قومی و صوبائی اسمبلیوں سے نومنتخب سینیٹ ممبرز کا انتخاب تنازع کا کیوں شکار ہوا ہے؟ یہ سوال تمام سیاسی جمہوری پارلیمانی جماعتوں کیلئے چشم کشا ہونا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن