پشاور (آئی این پی ) پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پی کے اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ممبران سے حلف نہ لینے کے معاملے پر توہین عدالت کیس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر سے جواب طلب کرلیا۔ پشاور ہائیکورٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دائر توہین عدالت درخواست پر سماعت جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس سید ارشد علی نے کی، دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عدالت نے مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران اسمبلی سے حلف لینے کا حکم دیا تھا، عدالتی احکامات کے باوجود اپوزیشن کی مخصوص نشستوں پر حلف نہیں لیا گیا۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکراسمبلی نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی، لہذا سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر سپیکر اور ڈپٹی سپیکر جواب جمع کرائیں، عدالت نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو نوٹس جاری کردیا۔