پنجاب کابینہ نے گندم کی امدادی قیمت 3900 روپے من مقرر کر دی، سپیشل سپیڈی ٹرائل کورٹ کی منظوری

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے ساتویں اجلاس میں سال-24 2023 کے لئے گندم کی امدادی قیمت 3900 روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پنجاب میں سپیشل سپیڈی ٹرائل کورٹ قائم کرنے کی منظوری دی جس کے تحت ریپ اور بچوں پر ظلم زیادتی کی مقدمات کا تیز ترین ٹرائل کرکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ہتک عزت کے قانون میں ترمیم اور سپیشل کورٹ قائم کرنے پر بریفنگ دی گئی، منظوری کے لئے جلد پنجاب اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا۔ ہتک عزت کیس میں 90دن میں ڈگری اور 180 دن میں ٹرائل ختم کرنا ہوگا۔ ہتک عزت نوٹس بڑے اخبارات، سوشل میڈیا، کوریئر کے ذریعے دیا جاسکے گا۔ کابینہ نے گندم کی کم ازکم امدادی قیمت مقرر کردی۔ مریم نوازشریف نے کہاکہ جھوٹ بولنے اور جھوٹے الزامات کے کلچر کو بدلنا ہوگا۔ چھوٹے کاشتکار کے مفادات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانا میرا عزم ہے۔ چھوٹے کاشتکاروں کو زرعی مداخل کے لئے ڈیڑھ لاکھ بلاسود قرضے دیں گے۔  گندم خریداری پالیسی-25 2024کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور کی تشکیل کی توثیق اور الٹرنیٹ ڈس پیوٹ ریزرو لیشن ایکٹ 2019 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں چیئرمین ڈرگ کورٹ گوجرانوالہ کو مس کنڈکٹ کی شکایت پر ہٹانے کی منظوری بھی دی گئی۔'' ستھرا پنجاب''، ملک کی تاریخ میں پہلی بار سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا میگا پراجیکٹ تیارکر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت  اجلاس میں صوبہ بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم آؤٹ سورس کرنے کے لئے مجوزہ معاہدے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام نافذ کرنے کی منظوری دی گئی۔  مریم نوازشریف نے صوبائی وزیر ذیشان رفیق کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی آؤٹ سورسنگ میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے فنانشل شیئر اور سبسڈی لینے والی واسا کمپنیوں کی کارکردگی کا تجزیہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سڑکوں، بازاروں میں کوڑا کرکٹ نہیں نظر آنا چاہیے۔ صفائی کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا، کوتاہی برداشت نہیں۔ بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹرانسفر سٹیشن پر نامیاتی، غیر نامیاتی، آئرن اور پلاسٹک ویسٹ کی چھانٹی کی جائے گی۔ صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر 23 لینڈ فل سائٹس اور 66 ٹرانسفر سٹیشن بنائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پانچویں کلاس کے طلبہ کو ڈبہ بند فلیورڈ ملک دینے کے پراجیکٹ کا حتمی پلان طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت سکول ایجوکیشن ریفامز کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں نان پرفارمنگ 13 ہزار سرکاری سکولوں میں آئندہ تین ماہ میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے سکولوں میں طلباء  کی گھوسٹ انرولمنٹ پر تشویش کا اظہار کیا۔ سرکاری سکولوں میں کمپیوٹر لیب اور لائبریری لازمی ہونی چاہئے۔ سکولوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لوں گی۔ وزیراعلیٰ  نے کہاکہ ٹیچرز کی ریشنلائیزیشن کے بعد خالی آسامیوں کو فل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹیچرز ریشنلائیزیشن کا عمل 3 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں لاہور ڈسٹرکٹ میں 136 سکول نان پرفارمنگ سکولوں کے لئے پرائیویٹ سیکٹر سے پارٹنر شپ کا جائزہ لیا گیا۔ دریں اثناء   وزیراعلیٰ لاہور میں چینی قونصلیٹ پہنچ گئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین سے ملاقات کی، دیگر چینی حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ  نے شانگلہ حملے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے شانگلہ حملے میں جاں بحق چینی شہریوں کے اہل خانہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے باہمی تعاون اور اشتراک کارکاسلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین بے مثال دوست ہیں، بزدلانہ کارروائیوں سے دوستی متاثر نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں پر حملہ ترقی و خوشحالی کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازش ہے۔  پنجاب میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی تحفظ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کررہے ہیں۔ چینی بھائیوں کی فول پروف سکیورٹی کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ چین کے قونصل جنرل نے وزیر اعلی مریم نواز کی تعزیت کے لئے آمد پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈیوٹی کے دوران ہارون آباد میں ٹریلر تلے آکر ٹریفک پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...