اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے اعلیٰ ٹیلنٹ کو راغب کرنے اور برقرار رکھنے کے لئے نئے اقدامات کئے جائیں گے۔ باصلاحیت پیشہ ور افراد اور تکنیکی ماہرین ہمارے موجودہ گورننس کے نظام میں جدت لا کر اسے مزید مؤثر بنائیں گے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں نئے ٹیلنٹ کے فروغ اور وفاقی وزارتوں کی استعداد بڑھانے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہرین اور کنسلٹنٹس کی خدمات کے حصول کے حوالے سے تجاویز پر غورکیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح کا ٹیلنٹ پول تشکیل دینا چاہئے کیونکہ یہ ایسا دور ہے جس میں کسی بھی قوم کی کامیابی میں ٹیلنٹ ہی سب سے بڑا فرق پیدا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی پالیسی پروگراموں پر مؤثر عملدرآمد کیلئے اہل اور باصلاحیت کارکنوں کی تیاری کے طریقوں اور غیر جانبداری کے اصولوں پر قائم اور میرٹ پر بھرتی کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس کی بھی صدارت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ باصلاحیت ٹیلنٹ کو راغب کرنے اور اس کے حصول پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے جس طرح ہمیں ملک میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور اس کے حصول پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ کاروباری برادری ایسی جگہوں پر سرمایہ کاری چاہتی ہے جہاں ٹیلنٹ ہو، سیاست اور پالیسیاں مستحکم ہوں اور سسٹم کام کرے۔ وزیراعظم نے پاکستان میں ٹیلنٹ کی ضرورت کے بہتر حصول میں مدد کیلئے وزارتوں میں حالیہ فریم ورک کو بہتر بنانے اور واضح کرنے کیلئے پالیسی کی تشکیل کیلئے وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی اور اسے اپنی تجاویز جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پالیسی سازی کی سطح پر تکنیکی معاونت کی کمی کو پورا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا جو سول سروس میں نئی مہارتیں تیار کرنے، بڑے منصوبوں کے انتظام کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کیلئے ضروری ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ فرانسیسی سفیر نے فرانس کے وزیر اعظم جبریل اٹل کی طرف سے تہنیتی خط پہنچایا۔ وزیراعظم نے تہنیتی پیغام پر فرانسیسی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فرانس کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں، اگرچہ چند سال پہلے یہ تعلقات مشکل دور سے گزرے تھے لیکن اب دونوں ممالک دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے صدر میکرون کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دونوں فریقوں کی طرف سے باہمی تعاون بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے فرانس کی جانب سے اعلیٰ فرانسیسی کمپنیوں کے کارپوریٹ لیڈروں کو جلد پاکستان کے دورے پر لانے کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں غزہ اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے خطے میں فرانس کی امن کوششوں کو سراہا۔ فرانسیسی سفیر نے وزیر اعظم کا استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور انہیں دو طرفہ معاملات پر ہونے والی تازہ پیشرفت سے آگاہ کیا۔