شوگر ملز ایسوسی ایشن نے 1.2 ارب ڈالر کی فاضل چینی برآمد کرنے کی تجویز دیدی  

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن حکومت کو ملکی ضرورت سے فاضل چینی برآمد کر کے 1.2ارب ڈالر کا خطیر زرمبادلہ حاصل کرنے کی تجویز دی ہے۔ یہ تجویز پاکستان شوگر ملز ایسوایشن (پنجاب زون) کی جنرل باڈی کے اجلاس میں دی گئی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ملکی شوگر انڈسٹری نے حالیہ کرشنگ سیزن 24-2023ء میں چینی کی سرپلس پیداوار حاصل کی ہے۔ موجودہ سال میں کل دستیاب چینی 7.5 ملین میٹرک ٹن ہے جب کہ ملکی سالانہ کھپت 6.00 ملین میٹرک ٹن ہے۔ 1.5 ملین میٹرک ٹن کی اضافی چینی موجود ہے۔ اجلاس میںحکومت کی جانب سے اشیاء ضروریہ کی سمگلنگ کے خلاف اٹھائے گئے مؤثر اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ چینی جو سمگلنگ سے بچائی گئی اسے برآمد کر کے ملک کیلئے قیمتی زرِمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ آئی ایم ایف اپنی شرائط کو منوا کر عوام پر مہنگائی کی صورت میں مسلسل بوجھ لاد رہا ہے۔ اس صورت میں اگر اضافی چینی کو برآمد کیا جائے گا تو اس کا سب سے زیادہ فائدہ عوام کو حاصل ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن