ہنگامی بنیاد پر لاہور کی تعمیر و ترقی کا منصوبہ


 ’نیا دور، صاف ستھرا لاہور‘ کے نام سے صوبائی دارالحکومت کی تعمیر و ترقی کے منصوبے کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہنگامی بنیاد پر تکمیل کے لیے تین ماہ کی ڈیڈ لائن دیدی ہے۔ مریم نواز ہر 10 دن کے بعد منصوبے پر عمل درآمد کا خود جائزہ لیں گی۔ وزیراعلیٰ نے گلیاں پکی بنانے اور ٹف ٹائل لگانے کے پراجیکٹ کی بھی منظوری دیدی جس میں لاہور کی تمام چھوٹی بڑی روڈز کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔ لاہور کی دو لاکھ 22 ہزار سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور تمام علاقے بتدریج واسا سروسز ایریا میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں لاہور کے نو زونز میں ڈرینج اور سیوریج کی بحالی اور تعمیر و مرمت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیراعلیٰ  نے لاہور کے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس فنکشنل کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ اجلاس کے دوران مریم نواز نے کہا کہ ہر گلی محلے کو صاف دیکھنا چاہتی ہوں۔ صفائی کی مہم میں عوام بھی حکومت کا ساتھ دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں 600 روڈز کی تعمیر و مرمت، 5 ایکسپریس ویز اور 3 موٹر ویز بنائیں گے۔ صوبہ بھر میں 100 فیصد فری ادویہ اور ہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔ دیہات اور دور دراز علاقوں میں علاج کے لیے موبائل ہسپتال اورکلینک آن ویل پراجیکٹ جلد شروع ہوگا۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ مریم نواز لاہور کی تعمیر ترقی پر توجہ دے رہی ہیں لیکن یہ سلسلہ صرف صوبائی دارالحکومت تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ صوبے کے ہر شہر، قصبے اور گاؤں کی تعمیر و ترقی پر توجہ دی جانی چاہیے۔ اس سلسلے میں ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ اس وقت نگران دور کے علاوہ پی ٹی آئی دور کے شروع کردہ کئی منصوبے بھی ادھورے پڑے ہیں خستہ سڑکیں عوام کی اذیت اور ٹریفک کے مسائل بڑھا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ کو ان ادھورے منصوبوں کی تکمیل پر زور دینا چاہیے تاکہ عوامی فلاح کے یہ منصوبے جلد مکمل ہوسکیں اور ان کی وجہ سے عوام کو جن مسائل اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہ ان سے نجات پائیں۔ عوام اب صرف بیانات نہیں سننا چاہتے بلکہ عملی پیش رفت دیکھنا چاہتے ہیں۔


  

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...