حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)دارالعلوم غوثیہ حنفیہ کے زیر اہتمام 10 روزہ تربیتی سیمینار کی اختتامی تقریب محلہ ڈھاب والہ میں منعقد ہوئی۔جس کی صدارت جماعت اہل سنت کے مرکزی رہنما علامہ فدا حسین شاہ نے کی۔ تقریب میں علامہ قاری محمد فیصل ندیم سمیت دیگر نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُستاذ العلماء قاری فیصل ندیم کیلانی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اصل علم تو دینی تعلیم ہے۔یہی علم ِدین انسان کو گمراہی سے ہدایت تک پہنچاتا ہے۔ تاریکی کے اندھیروں سے نکال کر نور ہدایت سے روشناس کرتا ہے۔ فدا حسین شاہ نے کہا کہ دینی تعلیم کی اہمیت و فضیلت مسلم ہے۔ قرآن و حدیث میں دینی تعلیم حاصل کرنے کے متعلق بہت تاکید آئی ہے اور اس کی اہمیت و فضیلت کو ہمارے نبی پاک نے خوب اُجاگر فرمایا ہے۔ دینی تعلیم جہاں نعمت خداوندی ہے وہیں رحمت ربانی بھی ہے۔ جہاں ذریعہ برکت ہے تو وہیں باعث نجات اور وجہِ سربلندی ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ان کی تربیت کو یقینی بنایا جائے۔ ایک استاد رول ماڈل بن کر ہی طلبہ کی علمی تشنگی کو دُور کرنے کے ساتھ انہیں باعمل بنانے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔اسی علم دین سے وابستگی نے قومِ مسلم کو ہرمحاذ پر کامیاب کیا۔ مگر موجودہ دور میں دینی تعلیم سے نا آشنائی اتنی بڑھ چکی ہے کہ بہت سارے لوگ بنیادی مسائل/ فرائض سے بھی ناواقف ہیں۔ جو ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہمارے لیے کافی شرمناک ہے۔ اس محرومی کی سب سے بڑی اور اہم وجہ یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں والدین کی تربیت کا ڈھنگ بدل چکا ہے اب وہ اپنے بچوں کو پہلے انگریزی زبان اور مغربی تہذیب و تمدن سے آشنا کروانا پسند کرتے ہیں جس کی وجہ سے وہ بچپن ہی سے دینی تعلیم سے محروم ہونے کے سبب اسلام اور اس کی تعلیمات سے بہت دور ہو چکے ہوتے ہیں حتیٰ کہ حرام و حلال کی تمیز بھی نہیں کر پاتے۔سیمینار کے اختتام پر 70شرکاء میں اعزازی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔