ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل پاکستان کے خلاف گھنائونی سازش تھی: صدر آصف زرداری

Apr 04, 2024 | 12:31

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کے خلاف گھنائونی سازش تھی۔ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائد عوام نے پاکستان کو دنیا کے باوقار ممالک کی صف میں شامل کیا۔صدر مملکت نے کہا ہے کہ قائد عوام کا عدالتی قتل دراصل تیز رفتاری سے ترقی کرنے والے ملک کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کی طرح تھا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی جستجو کر رہے تھے۔ ان کا ملک اور عوام سے عشق ہماری میراث ہے، پیپلز پارٹی بھٹو اور بے نظیر بھٹوکے ہر خواب کی تکمیل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ قائد عوام نے عوام کو سوچنے کا شعور، بولنے کے لئے  زبان اور سر اٹھا کر جینے کا ڈھنگ سکھایا۔ بھٹو نے اپنے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی جستجو کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے جدوجہد کریں گے۔ یہ دھرتی ہمارے لیے مقدس ہے، ہم اس کو جنت جیسا بنائیں گے۔ ذوالفقار بھٹو کا پرچم بلاول بھٹو کے مضبوط ہاتھوں میں ہے،ذوالفقار علی بھٹو شہید کی فلاسفی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن تھا، اب اس مشن کے نگہبان بلاول ہیں۔آصف زرداری نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اپنی قائدانہ صلاحیت کا لوہا منوا لیا ہے۔ بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منزلیں طے کرے گا۔

مزیدخبریں