ریسٹ کر رہا ہوں ،ریسٹ از دی بیسٹ،شیخ رشید

Apr 04, 2024 | 12:55

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریسٹ کر رہا ہوں ،ریسٹ از دی بیسٹ،موجودہ حالات میں میری خاموشی زیادہ اہم ہے، 19 کیسز ہیں اور انشاءاللہ بہتری ہو گی۔ڈسٹرکٹ کورٹ اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ججزکو لکھے گئے خطوط کو ججز خود بہتر طور پر بحث میں لا رہے ہیں، یہ بہت سیریس اور حساس مسئلہ ہے اس پر زیادہ بات نہ کرنا بہتر ہوتا ہے۔ حوصلے، صبر اور استحکام اور خاموشی کے ساتھ ان سارے معاملات کو ڈیل کرنا چاہیے۔شیخ رشید نے الیکشن میں اپنی ہار کے حوالے کہا کہ الیکشن تو میں ہار گیا ہوں اور اسے تسلیم بھی کرلیا ہے جو جیتے ہیں اب ان سے دھاندلی کے بارے میں پوچھیں۔مجھے آج کل کچھ معلوم نہیں کہ حکومت کیا کر رہی ہے کیونکہ نہ تو میں ٹی وی دیکھ رہا ہوں اورنہ اخبارات پڑھ رہا ہوں۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آبادنے حقیقی آزادی مارچ پر درج مقدمات میں بانی پی ٹی آئی،شاہ محمود قریشی،شیخ رشید و دیگر ملزمان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ملک عمران نے کیس کی سماعت کی۔ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور بریت کی درخواست دائر کی، شریک ملزمان علی نواز اعوان اور صداقت عباسی بھی عدالت پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی وکلاءسردار مصروف ایڈووکیٹ ، آمنہ علی، رضوان اختر اعوان اور مرزا عاصم ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔سردار مصروف ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سال فروری میں بریت کی درخواست دائر کی تھی ، ہم اس کیس میں بریت کی درخواست پر آج دلائل دینا چاہتے ہیں۔جج ملک عمران نے ریمارکس دیئے کہ صداقت عباسی، علی نواز اعوان اور شیخ رشید کے چالان عدالت میں آگئے ہیں۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد بانی پی ٹی آئی ، شیخ رشید و دیگر ملزمان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، درخواست بریت پر محفوظ فیصلہ 6 جون کو سنایا جائے گا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شیخ رشید سمیت دیگر ملزمان کی جانب سے بھی بریت کی درخواست آئی ہے، تمام درخواستیں اکھٹی سن کر فیصلہ کریں گے، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 6 جون تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں