امریکا اور پاکستان کے درمیان سیکیورٹی پارٹنر شپ کو وسعت دیتے رہیں گے:میتھیو ملر

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان سیکیورٹی پارٹنر شپ کو وسعت دیتے رہیں گے۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک ترجیح رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔ سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل سے متعلق سوال پر میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت پر واضح کیا ہے کہ ہم ان سے مکمل تحقیقات دیکھنا چاہتے ہیں، ان تحقیقات کے نتائج کا انتظار کررہے ہیں۔ طالبان کو اقوام متحدہ کی طرف سے امداد پر کہا کہ شراکت داروں سے کہتے ہیں یہ یقینی بنایا جائے کہ امداد ان تک پہنچے جنہیں اس کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امدادی پروگراموں کو نافذ کرنے والی تنظیموں سے رپورٹنگ کی بھی ضرورت ہوتی ہے، امداد کی فراہمی سے متعلق تشویش ہو تو ہمارے پاس منصوبے اور پروٹوکول موجود ہیں۔ میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ اس خطرے کو کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ امریکی امداد کا بالواسطہ طور پر طالبان کو فائدہ پہنچ سکے۔

ای پیپر دی نیشن