تحریکِ انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کے کھانے میں زہر ملایا گیا تھا۔
راولپنڈی میں عمر ایوب، اسد قیصر، شبلی فراز اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔
اس موقع پر عمر ایوب نے کہا کہ بشریٰ بی بی عمران خان کی کمزوری نہیں طاقت ہیں، ان کا چیک اپ ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیدی نمبر 804 سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، بانیٔ پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ ہمارے چرائے ہوئے مینڈیٹ کے لیے جدوجہد جاری رکھنی ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ عدلیہ کی آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں، امید رکھتے ہیں کہ سپریم کورٹ فل بینچ بنا کر ججز کے خط کی تحقیقات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ججز کو دھمکی آمیز خطوط پر بانیٔ پی ٹی آئی نے تشویش کا اظہار کیا ہے، عید کے بعد ہم اپنی تحریک شروع کر رہے ہیں، ہم نے گرینڈ الائنس کو حتمی شکل دے دی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ عید کے بعد بھرپور طریقے سے تحریک چلائیں گے، 12 تاریخ کو اختر مینگل کے گھر پر میٹنگ ہو گی، پورے ملک میں جلسے کا شیڈول دیا جائے گا۔
اسد قیصر نے کہا کہ پشین میں پہلا جلسہ ہو گا، خیبر پختون خوا میں ہمارے پسند کے آفیسر نہیں دے رہے، پیسے نہیں دے رہے۔
انہوں نے کہا کہ عید کے بعد پھر تحریک شروع کرنے جا رہے ہیں، اگلی میٹنگ کوئٹہ میں ہو گی جہاں سے جلسوں کا شیڈول دیں گے، پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، پاکستان کو بنانا ریپبلک بنا دیا گیا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان کا کردار موجودہ صورتِ حال میں اہم ہے، سینیٹ میں ہمارے صوبے کے الیکشن کو ملتوی کیا گیا، کے پی نے ایک جماعت کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے، کیا یہ اس کی سزا دی جا رہی ہے؟
اس موقع پر شبلی فراز نے کہا کہ عوام نے تحریکِ انصاف کو بھرپور مینڈیٹ دیا جو چرا لیا گیا، ہم نے عدالتوں میں جدوجہد کرنی ہے، فارم 45 اور فارم 47 والے لوگوں میں فرق کرنا ہو گا۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ عوام کے مسترد شدہ لوگوں کو مسند پر بٹھا دیا گیا ہے، ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی، لوگ ملک سے باہر جا رہے ہیں