افطار پارٹیز کی تصاویر شیئر کرنیوالے مظلوم فلسطینیوں کا خیال کریں: مشی خان

Apr 04, 2024 | 17:23

ویب ڈیسک

معروف پاکستانی اداکارہ مشی خان کو ایسے وقت میں لوگوں کا شاندار افطار پارٹیز کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا بالکل پسند نہیں آیا جب اسرائیلی بربریت کا شکار مظلوم فلسطینیوں کے پاس کھانے کو کچھ نہیں ہے۔

 مشی خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُنہیں ایسے لوگوں کو آڑے ہاتھوں لیتے دیکھا جا سکتا ہے جو سوشل میڈیا پر اپنی شاندار افطار پارٹیز کی تصاویر شیئر کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا ہے کہ میں نے سوشل میڈیا پر دو تین ویڈیوز میں فلسطینیوں کو افطار میں گھاس ابال کر پیتے دیکھا ہے تو میری ان تمام لوگوں سے درخواست ہے جو اپنی شاندار افطار پارٹیز کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں کہ ان مظلوم فلسطینیوں کا تھوڑا خیال کریں.اداکارہ نے کہا کہ اگر ہم ان مظلوم لوگوں کی مدد نہیں کر سکتے تو کم سے کم ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار تو کر سکتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ذرا سوچیں ان لوگوں کے بارے میں ان کے پاس افطار میں کھانے کے لیے سادہ روٹی بھی نہیں ہے، وہ گھاس کھانے پر مجبور ہیں، ان کے بچے بھوک سے مر رہے ہیں۔

مشی خان نے مزید کہا کہ فلسطینی اتنے برے وقت سے گزر رہے ہیں اور آپ لوگ اپنی افطار پارٹیز سے شاندار کھانوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں ممکن ہے کہ ہم میں سے کسی کا اکاؤنٹ فلسطین کا کوئی شخص دیکھ لے تو ان کے دل پر کیا گزرے گی۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر آپ لوگ اپنی شاندار افطار پارٹیز کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کریں گے تو آپ کی شان میں کوئی کمی نہیں آئے گی، اس لیے تھوڑا فلسطینیوں کے بارے میں سوچیں وہ لوگ وہاں بہت بری حالت میں ہیں، ان کے پاس کھانے کو کچھ بھی نہیں ہے

مزیدخبریں