سلمان تاثیرنے یہ بات گورنرہاوس لاہور سے سیلاب زدگان کے لئے امدادی سامان کے دس ٹرک کوٹ ادوبجھوانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیم نہ ہونے کی وجہ سے پچھتر فیصد پانی ضائع ہورہا ہے، مگرافسوس کہ کالاباغ ڈیم جیسا اہم منصوبہ سیاست کی نذر کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ اوراٹھارھویں ترمیم کی طرح کالاباغ ڈیم پربھی اتفاق رائے ہونا چاہیئے۔ ایک سوال پر گورنر نے کہا کہ صدرآصف علی زرداری کے دورہ جات سیلاب آنے سے پہلے کے طے شدہ تھے، ان کے بیرونی دوروں پر سیاست کرنا قابل مذمت اور سستی شہرت حاصل کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے کاوشوں اورشریف خاندان کی طرف سے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے ایک کروڑ روپے کے عطیہ کو سراہتے ہوئے خود بھی فنڈ جمع کروانے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے کیمپوں کا دورہ کریں گے، مگر ابھی متاثرہ علاقوں میں نہیں جائیں گے۔ کیونکہ ہیلی کاپٹر متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں۔