لاہور تعلیمی بورڈ كے زیراہتمام لارنس روڈ امتحانی مركز میں سالانہ تقسیم انعامات كی تقریب ہوئی، جس كی صدارت چیئرمین بورڈ محمد اكرم كاشمیری نے كی۔ اس موقع پركنٹرولر امتحانات منظورالحسن نیازی نے میٹرک کے تنائج كا اعلان كیا۔ سائنس گروپ میں ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن كی رملا اعجاز نے ایک ہزار انیس نمبر لے كر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ دی پنجاب سكول ٹاؤن شپ كی زبرین طاہر نے ایک ہزار اٹھارہ نمبر لے كر دوسری پوزیشن اور صادق میموریل سكول قصور كے محمد عتیق الرحمٰن نے ایک ہزار چودہ نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل كی۔ پوزیشن ہولڈرز اور ان كے ادارے كے سربراہان میں نقد انعامات اورمیڈلز بھی تقسیم كئے گئے۔ تقریب سے خطاب میں چیئرمین بورڈ اكرم كاشمیری نے كہا كہ دسویں جماعت کے امتحانات میں مجموعی طور پر اكانوے ہزار آٹھ سو اناسی طلبا و طالبات نے شركت كی، جس میں سے اكہتر ہزار پانچ سو ایک امیدوار كامیاب قرار پائے۔ اس طرح سائنس گروپ میں كامیابی كا تناسب ستتر اعشاریہ اٹھ ایک فیصد رہا۔ آرٹس گروپ میں مجموعی طور پر ایک لاكھ سولہ ہزار چھ سو اكتیس طلبا و طالبات نے شركت كی، جن میں سے پچپن ہزار دو سو باون طلبا و طالبات پاس ہوئے۔ اس طرح آرٹس گروپ میں كامیابی كا تناسب سینتالیس اعشاریہ تین سات فیصد رہا۔ میٹرک كے سالانہ امتحانات میں مجموعی طور پر دو لاكھ آٹھ ہزار پانچ سو بیس امیدواروں نے شركت كی، جن میں سے ایک لاكھ چھبیس ہزار سات سو ترپن امیدوار كامیاب قرار پائے۔ اس طرح كامیابی كا مجموعی تناسب ساٹھ اعشاریہ سات نو فیصد رہا۔