”جب تک رحمن ملک،عشرت العبادعہدوں پر ہیں کراچی میں امن نہیں ہو سکتا“

Aug 04, 2011

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مذہبی سیاسی رہنماﺅں نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کے لئے مفاہمت کی سیاست کو ختم کرکے بلاتفریق مجرموںکے خلاف کارروائی کرنا ہو گی۔ رحمان ملک اور گورنر سندھ عشرت العباد جب تک اپنے عہدوں پر موجود ہیں اس وقت تک کراچی میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ رحمان ملک اخبارات کی زینت بننے کے لئے کراچی کے دورہ میں کوئی نہ کوئی پھلجھڑی چھوڑتے ہیں۔ جمعیت علماءپاکستان کے سربراہ ڈاکٹرابو الخیر محمد زبیر نے کہا کہ رحمن ملک ہر روز کوئی نہ کوئی دعویٰ کرتے ہیں اور پوری قوم جانتی ہے کہ وہ دہشت گردوںکو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ قانون کی حکمرانی کے بغیر کراچی میں امن قائم نہیں ہو سکتا ۔کراچی میں جاری دہشت گردی کی کارروائیاں حکمرانوں کے دامن پر بدنما داغ ہیں جسے فوری طور پر دھونے کی اشد ضرورت ہے۔ امیر جماعت اسلامی سندھ اسداللہ بھٹو نے کہا کہ وزیر داخلہ رحمن ملک کے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور قیام امن کے لئے کارروائی سے متعلق بیان کی کوئی اہمیت نہیں، کوئی شہری ان کے بیان کو سنجیدگی سے نہیں لیتا۔ حکومتی امن ریلیاں امن کے لئے مزید خطرات پیدا کر رہی ہیں۔ نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی حنیف طیب نے کہا کہ قوم کو اب حکمرانوں کے کھوکھلے دعوﺅں پر اعتبار نہیں رہا، اس لئے حکمران نعروں اور دعوﺅ ں کی بجائے عملی اقدامات کریں۔
مذہبی‘ سیاسی رہنما
مزیدخبریں