لاہور (کامرس رپورٹر) ملک بھر سے تعلق رکھنے والی ریجن کرکٹ باڈیز کے سابق صدور نے پی سی بی کے نگران چیئرمین نجم سیٹھی (جوکہ اس بحران جس نے ان کو پی سی بی کے اہم معاملات میں فیصلہ کرنے سے روکا ہوا تھا سے بظاہر نکلتے نظر آ رہے ہیں) کی حمایت کا فیصلہ کرلیا۔ ایل سی سی اے کے سابق صدر خواجہ ندیم احمد، میجر (ر) احمد ندیم سڈل (جنہوں نے ذکاءاشرف کے انتخاب کو چیلنج کیا تھا) ایبٹ ریجن کے امیر نواب، سیالکوٹ ریجن کے ملک ذوالفقار اور فیصل آباد ریجن کے محمد انور جنہوں نے نجم سیٹھی کی حمایت کے فیصلے میں اہم کردار ادا کیا تھا، کا کہنا تھا کہ اس حمایت کا مقصد قانونی پیچیدگیوں کی صورتحال میں پھنسے ہوئے قائم مقام چیئرمین کو پی سی بی کے روزمرہ کے معاملات م¶ثر انداز میں چلانے میں سپورٹ مہیا کرنا ہے۔ خواجہ ندیم احمد نے ریجنل باڈیز کے سابق عہدیداروں اور نگران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں تما م سطح پر کرکٹ کے انتظام کیلئے ایک م¶ثر کرکٹ بورڈ کی ضرورت ہے۔ نجم سیٹھی پر میڈیا کی طرف سے ٹیکس ڈیفالٹر اور بے قاعدگیوں کے لگائے جانے والے الزامات کو ہم مسترد کرتے ہوئے نجم سیٹھی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور پاکستان کی کرکٹ کو اوپر لے جانے میں ہمیں نجم سیٹھی کی قابلیت اور سوچ پر پر پورا اعتماد ہے۔ خواجہ ندیم احمد نے کہاکہ اس بات کا کریڈٹ ریجنل باڈیز کے تمام سابق صدور کو جاتا ہے جو کہ کرکٹ کے وسیع تر مفاد اور تنازعہ (جس کی وجہ سے ریجنل باڈیز پی سی بی کے چیئرمین کے انتخاب کو چیلنج کیا اور اسکے نتیجہ میں نجم سیٹھی قائم مقام چیئرمین بنے) کو ختم کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہوئے ہیں۔ قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی نے ریجنل باڈیز کے سابق صدور کے مذکورہ فیصلے کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ گو کہ بطور نگران چیئرمین ان کے اختیارارت محدود ہیں لیکن ہم سب کرکٹ کی خاص طور پر گراس روٹ سطح پر ترقی کے لئے کام کر رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس سے تمام سٹیک ہولڈرز کو فائدہ ہوگا۔