لاہور (پ ر) عالمی تحریک عظمت مصطفی کے چیئرمین سید اویس شاہ زنجانی نے کہا ہے کہ ملک کے ہر بحران کا حل نبی کریم کی سیرت پر عمل میں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے نبی اکرم کو معلم انسانیت بنا کر بھیجا ہے۔ آپ کی تعلیمات رہتی دنیا تک ہیں۔ معاشرتی، سماجی، معاشی اور دیگر تمام مسائل کے حل کیلئے سیرت نبوی پر عمل کو شعار بنانا چاہئے۔ اجلاس سے خطاب میں اویس شاہ زنجانی نے کہا کہ حکمران اپنی تمام صلاحیتیں نفاذ نظام مصطفی کیلئے وقف کر دیں۔ علما و مشائخ بھی خانقاہوں سے نکل کر میدان عمل میں آ جائیں۔ دین کی نفاذ کی جدوجہد فرض بھی ہے اور جہاد بھی ہے۔ ہمیں سب سے پہلے اپنی ذات کی اصلاح کرنا ہو گی۔ انفرادیت سے یہ عمل اجتماعیت کی جانب بڑھے گا۔ عالمی تحریک عظمت مصطفی بھی اسی جدوجہد کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائے ہوئے ہے۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات شہلا اویس نے قرارداد پیش کی جس میں شام میں حضرت عمار بن یاسر کے مزار پر حملے کی شدید مذمت کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ مقدس مقامات کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے عالمی فورمز پر آواز اٹھائی جائے۔ اجلاس میں تحریکی رہنما¶ں سید عاصم نقوی، شمائلہ انیس احمد، عتیقہ انیس، فیصل غزنوی، میراں حسین، بو علی اور دیگر نے شرکت کی۔
معاشرتی، سماجی، معاشی مسائل کا حل سیرت نبوی پر عمل میں ہے: اویس شاہ زنجانی
Aug 04, 2013