لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے قائد علامہ طاہر القادری نے کہا ہے دسمبر میں تاریخ ساز جلسہ اور جنوری میں لانگ مارچ کرکے اذان دی تھی، جماعت ہونا ابھی باقی ہے۔ موذن اذان دیکر جماعت کھڑی ہونے تک چپ رہتا ہے، ہم نان اپشوز میں نہیں الجھنا چاہتے۔ ایک کروڑ نمازی تیار ہوجائیں گے تو اقامت کہہ کر کھڑے ہوجائیں گے جس دن جماعت قائم ہوگی باطل خس و خاشاک کی طرح بہہ جائیگا۔ اللہ کے فضل اور نبی کریم کی نسبت کے صدقے ہمارا عزم جوان ہے۔ پاکستان عوامی تحریک سنار کی ٹھک ٹھک پر یقین نہیں رکھتی، وقت آنے پر ایک ہی ضرب لگائیں گے۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی عہدیداران کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا مستقبل پاکستان عوامی تحریک کا ہے، نظام انتخاب کیخلاف شعور بیداری کی مہم عید کے بعد ملک گیر سطح پر شروع ہوجائیگی۔