پاکستان ”گیس پائپ منصوبے“ کی لاگت، نرخوں میں کمی پر ایران سے مذاکرات کریگا

Aug 04, 2013

اسلام آباد (این این آئی) حکومت نے ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی لاگت اور گیس نرخوں میں کمی پر ازسرنو بات چیت کا فیصلہ کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق امریکی پابندیوں سے بچنے کیلئے تجاویز پر بھی غور شروع کردیا گیا۔ ملنے والی دستاویزات کے مطابق امریکی پابندیوں سے بچنے کیلئے تجاویز پر غور کیلئے دفتر خارجہ میں بین الوزارتی اجلاس بلایا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایران سے پائپ لائن منصوبے کی لاگت اور گیس نرخوں میں کمی پر ازسرنو بات چیت کی جائیگی۔ اس مقصد کیلئے وفاقی وزیر پٹرولیم ایران کا دورہ بھی کریں گے۔ اجلاس میں کنسلٹنٹ احمر بلال صوفی کی جانب سے حکومت کو مشورہ دیا گیا کہ امریکی پابندیوں سے بچنے کیلئے یہ منصوبہ نجی شعبے کے ذریعے مکمل کرایا جائے اور اس مقصد کیلئے ایران سے دو طرفہ معاہدہ ہونا چاہئے۔ اٹارنی جنرل کی تجویز تھی کہ منصوبے کیلئے امریکی لاءفرم کی خدمات حاصل کی جائیں۔ سیکرٹری خارجہ نے اس معاہدے کو رسک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہئے جس سے پابندیاں لگنے کا خطرہ ہو۔ انہوں نے امریکی حکام کو اعتماد میں لے کر چلنے کا مشورہ دیا، دستاویزات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری کو دورہ پاکستان کے موقع پر ایک نان پیپر پیش کیا گیا جس میں پاک ایران پائپ لائن منصوبے پر ترکی اور آرمینیا کی طرز پر استثنیٰ مانگا گیا۔

مزیدخبریں