اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی + اے این این) خیبر پی کے حکومت نے تعلیمی اصلاحات پیکیج کی منظوری دیدی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا اور ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ صوبے کے ہر بچے کو یکساں تعلیم ملنی چاہئے۔ تعلیم سے محروم 30 لاکھ بچوں کے داخلے کیلئے مہم چلائی جائے۔ ہفتہ کو خیبر پی کے ہاﺅس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا محمد عاطف‘ شہرام خان ترکئی‘ حبیب الرحمن‘ شوکت علی یوسف زئی‘ اراکین اسمبلی معراج ہمایوں خان‘ مشتاق غنی‘ مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین‘ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر خان جدون‘ چیف سیکرٹری خیبر پی کے محمد شہزاد ارباب اور سیکرٹری تعلیم جدت ایاز خان بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس کے دوران صوبے میں تعلیمی میدان میں ریفارمز کے حوالے سے کام کرنیوالے ورکنگ گروپ نے اراکین کو بریفنگ دی اور تعلیمی شعبے میں نمایاں تبدیلیاں لانے کیلئے سفارشات پیش کیں جن میں تعلیمی اداروں کی کارکردگی کی بنیاد پر ترقی‘ اساتذہ و طلبا کیلئے امن و امان پر مبنی ماحول‘ اساتذہ کی معیاری ٹریننگ‘ معیاری کتابیں اور یکساں نصاب و نظام تعلیم‘ آزاد ایجوکیشن کمشن کا قیام‘ خودمختار مانیٹرنگ سسٹم‘ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال‘ اساتذہ کی خالی نشستوں کو فوری طور پر میرٹ کے ذریعے بھرتی اور سکولوں کو چلانے کیلئے بہتر گورننس سسٹم کی سفارشات پیش کی گئیں جسے صوبائی حکومت نے منظور کر لیا۔ پرویزخٹک نے کہا کہ سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین، بلدیاتی نمائندوں، گاﺅں کے معززین، سکول کے سابق طلبا اور اساتذہ مینجمنٹ کونسل کے ممبران ہوں گے۔ پورے پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا اور انقلابی اقدام ہو گا۔ اساتذہ کی ترقی انکے شاگردوں کے نتائج کی بنیاد پر ہو گی۔ گذشتہ روز پشاور میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے دورہ پشاور کے موقع پر منعقدہ اجلاس کھلی کچہری میں تبدیل ہو گئے۔ عمران خان اور پرویز خٹک نے سرکاری افسران کے اجلاس کے دوران تمام شرکا کو اظہار خیال کی دعوت دی۔ مختلف محکموںکے انتظامی سربراہان نے نہ صرف صوبے کی مجموعی صورتحال کے تناظر میں اپنے محکموںکی کارکردگی پر کھل کر گفتگو کی بلکہ مثبت تجاویز بھی پیش کیں۔ عمران خان نے اپنے دورہ پشاور کے موقع پر تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی سے بھی ملاقات کی۔ صوبائی حکومت میں شامل جماعت اسلامی کے ایک رکن اسمبلی نے عمران خان کے سامنے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی تعریف کی اور کہا کہ خیبر پی کے، کے وزیر اعلیٰ انتہائی دیانتدار، خوددار، محنتی اور پرہیزگار شخص ہیں۔ افطار ڈنر کے موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا این اے 1 پر ضمنی انتخابات میں کارکن اُسی جوش و جذبے کا مظاہرہ کریں جس کا اظہار انہوں نے حالیہ عام انتخابات میں کیا تھا۔
خیبر پی کے / اجلاس