فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز نے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے کاروبار اور تجارت کیلئے انتہائی نقصان دہ قرا دیا ہے۔ بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کی شرح میںخطرناک حد تک اضافہ ہو جائے گا ۔یہ بات پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اصغر علی اور وائس چیئرمین محمد آصف نے کہی۔حکومت کی طرف سے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںحالیہ اضافہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ توانائی کے شدید بحران کے باعث ملک میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیاں پہلے ہی انتہائی کم ہو چکی ہیں اب بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے کاروبار اور تجارت پر مزید برے اثرات مرتب ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں بجلی کی قیمتیں پہلے ہی سب سے زیادہ ہیں جبکہ چائنہ ، بھارت بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک میں انڈسٹریل سیکٹر کو کمرشل کے مقابلے میں ارزاں نرخوں پر بجلی دستیاب ہے جبکہ پاکستان میں انڈسٹریل سیکٹر کیلئے بجلی کے ریٹ کمرشل صارفین کے ریٹ سے زیادہ ہیں۔انھوں نے کہا کہ بجلی کے مہنگے نرخوں کے باعث برآمدی مصنوعات کی پیداواری لاگت بڑھنے سے عالمی منڈی میں ہماری مصنوعات کی مقابلاتی سکت شدید متاثر ہو رہی ہے۔