عنبرین فاطمہ
رنگوں کا مناسب انتخاب شخصیت کو چار چاند لگا دیتا ہے ویسے تو تمام رنگ ہی قدرت کا خوبصورت تحفہ ہیں بات اگرخواتین کے پسندیدہ رنگ کی ہو تو سب سے پہلے کالا رنگ ہی ذہن میں ابھرتا ہے۔کالا ہر دوسری خاتون کا پسندیدہ رنگ ہے۔کالے رنگ کا شمار گہرے رنگوں میں ہوتا ہے اور گہرے رنگ عموماً سردیوں کے موسم میں زیب تن کئے جاتے ہیں لیکن واحد یہ گہرا رنگ ہے جسے گرمیوں میں بھی پہنے جانے کو ترجیح دی جاتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ آج برینڈڈ ملبوسات میں بھی ڈریس ڈیزائنرز کالے رنگ کو خاصی اہمیت دیتے ہیں یہاں تک کہ اب تو عروسی ملبوسات کی تیاری میں بھی کالا رنگ استعمال کیا جارہا ہے۔کبھی کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ برائیڈل ملبوسات کالے رنگ کے بھی ہوں گے لیکن اب فیشن ٹرینڈز خاصے تبدیل ہوچکے ہیں اور عروسی ملبوسات لال کی بجائے کالے رنگ کے بنائے جارہے ہیںان پر خوبصورت کام اور بیڈز لگا کر جوڑے کی خوبصورتی کو نمایاں کیا جاتا ہے۔کالے رنگ کی انفرادیت پرہم نے چند ایک خواتین سے بات کی ۔”بی جی“ نے کہا کہ کالا رنگوں کا بادشاہ ہے اس ڈریس کو آپ کسی بھی چیز سے سجا سکتے ہیں اگر آپ لیس لگا لیں یا سادے کالے سوٹ کے ساتھ رنگ برنگی چادر بھی لے لیں تو بہت ہی خوبصورت لگتا ہے۔پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں خواتین اس رنگ کو پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔میں سمجھتی ہوں کہ یہ شام کو پہننے والا رنگ ہے سردی ہو یا گرمی اس رنگ کا سوٹ شام میں پہنا جائے تو بہت ہی خوبصورت لگتا ہے۔جس طرح سفید رنگ کی اپنی انفرادیت ہوتی ہے اسی طرح سے کالے رنگ کی بھی اپنی انفرادیت ہے جو ہمیشہ سے ہی برقرار ہے۔کسی بھی دور میں آپ دیکھیں ملبوسات میںخواتین کہ اولین چوائس کالا رنگ ہی رہا ہے۔معروف گلوکارہ ”حدیقہ کیانی“ نے کہا کہ ویسے تو تمام رنگ بہت ہی خوبصورت ہیں لیکن جو خوبصورتی کالے رنگ میںہے وہ کسی دوسرے رنگ میں نظر نہیں آتی۔یہی وجہ ہے کہ مجھے کالا رنگ بہت پسند ہے میری کوشش ہوتی ہے کہ جو بھی ڈریسنگ کروں اس میں کالے رنگ کا ٹچ ضرور ہو۔میرے حساب سے خواتین اس رنگ کو اس لئے بھی پسند کرتی ہیںکیونکہ اسے پہن کر وہ خاصی سلم سمارٹ نظر آتی ہیں۔آپ جتنی بھی موٹی اور بھدی جسامت رکھتی ہوں لیکن کالا رنگ پہن کر جسامت کا بے ڈھنگا پن چھپ جاتا ہے۔ہمارے ہاں زیادہ تر خواتین کارنگ گندمی ہے اور ایسی خواتین جب کالا رنگ پہنتی ہیں تو وہ زیادہ نکھری ہوئی نظر آتی ہیںاور یہ واحد ایسا رنگ ہے جس کو پہن کر آپ خود کو محفوظ محسوس کرتی ہیںکیونکہ اس رنگ کو پہننے کے بعد یہ جھجھنٹ ختم ہوجاتا ہے کہ جسم نظر آرہا ہے۔ڈریس ڈیزائنر ”آصفہ نبیل“ نے کہا کہ کالے رنگ کی خوبصورتی کا اندازہ آپ اس چیزسے لگاسکتے ہیں کہ اگر سادہ اچھی سلائی کی ہوئی کالی قمیض زیب تن کریں اور اس کے ساتھ کوئی بھی سمپل جیولری پہن لیں تو قمیض کی خوبصورتی میں اضافہ ہوجاتا ہے۔مجھے بذات خود کالا رنگ ہمیشہ سے ہی بہت پسند رہا ہے بنیادی طور پر یہ موسم گرما کا رنگ نہیں ہے کیونکہ یہ گرمی کو اپنی جانب کھینچتا ہے ہاں شام کے اوقات میں اس کو بخوبی پہنا جا سکتا ہے۔اداکارہ” فضیلہ قاضی“ نے کہا کہ کالا رنگ ہر قسم کی رنگت پر سوٹ کرتا ہے اگر آپ کے نقش اچھے ہیں اور رنگت سانولی بھی ہے تو کالا رنگ آپ کو بہت جچے گا۔کچھ رنگ ایسے ہوتے ہیںجو موسم کی مناسبت سے پہنے جاتے ہیں یعنی اگر موسم چلاجائے تو وہ رنگ بھی آﺅٹ آف فیشن ہوجاتا ہے لیکن کالا واحد ایسا رنگ ہے جو ہر موسم کی جان ہے۔مجھے شروع سے ہی یہ رنگ بہت پسند ہے میری وارڈ روب میں اگر سو جوڑے ہیں تو کم از کم اس میں پچاس کالے ہوں گے۔بین الاقوامی سطح پر دیکھیں تو بڑی بڑی تقریبات میں زیادہ تر لوگ کالا رنگ ہی زیب تن کر کے آتے ہیں۔ڈریس ڈیزائنر ”صائم علی دادا“ نے کہا کہ فیشن کے حوالے سے کالا آئیڈیل رنگ ہے آپ اسے casualسے لیکر فارمل تک لیجا سکتے ہیں۔اگر آپ کو کسی ریڈ کارپٹ پر جانے کا اتفاق ہو تو آپ دیکھیں گی وہاں زیادہ تر clebsنے کالا رنگ ہی پہن رکھا ہوگا کالا رنگ آپ کو نمایاں اور شخصیت میں نکھار پیدا کرتا ہے۔اس رنگ کے ساتھ آپ کسی قسم کی جیولری اور میک اپ کر سکتی ہیں جبکہ باقی رنگوں کےلئے آپ کو باقاعدہ میچنگ جیولری کا انتخاب کرنا پڑتا ہے اور میک اپ میں بھی رنگوں کا انتخاب خاصا سوچ سمجھ کر کرنا پڑتا ہے۔ہمارے خطے کی خواتین کا رنگ نہ زیادہ گورا ہوتا ہے نہ کالا اور ہڈیوں کی ساخت بھی چوڑی ہوتی ہے اور مجموعی طور پر جسامت بلکی ہوتی ہے جس کی وجہ سے خواتین رنگوں کے انتخاب میں خاصا سوچ بچار سے کام لیتی ہے۔کالا رنگ اگر آپ نے سیدھے کٹ کے ساتھ ایک ہی ٹون میں پہنا ہو تو آپ نہ صرف پتلی لگیں گی بلکہ لمبی بھی نظر آئیں گی۔اس رنگ کو پہننے کا بڑا فائدہ یہ ہے کہ ہئیر سٹائل کےلئے بھی تگ و دو نہیں کرنی پڑتی یعنی اگر آپ بالوں کو سٹریٹ کرکے کھول بھی لیں تو خاصی اچھی لک آتی ہے۔جہاں تک میری پسند کی بات ہے تو باقی خواتین کی طرح کالا رنگ میری بھی اولین ترجیح ہوتا ہے۔کیسی بھی تقریب ہو میری کوشش ہوتی ہے کہ اپنے لباس میں کالے رنگ کا ٹچ ضرور رکھوں۔ماہر بیوٹیشن ”مسرت مصباح“ نے کہا کہ کالے رنگ کی خوبصورتی سے تو انکار ممکن نہیں ہے ہاں اس کے ساتھ میک اپ اگر ہلکا رکھ کر کیا جائے تو جوڑے اور شخصیت کی خوبصورتی اور زیادہ بڑھ جاتی ہے۔میری تو ہمیشہ سے ہی کوشش رہی ہے کہ جب بھی کالے رنگ کا سوٹ زیب تن کروں اس کے ساتھ ہلکی جیولری اور ہلکا میک اپ کروں۔آج کل تو برائیڈل ڈریسز میں بھی کالے رنگ کا استعمال کیا جا رہا ہے میرے پاس جب بھی کوئی لڑکی اگر کالے رنگ کا برائیڈل ڈریس لیکر آتی ہے تو میں اس کو اس انداز سے تیار کرتی اور ہئیر سٹائل بناتی ہوں کہ جوڑے کی خوبصورتی نمایاں ہو۔