سیاست سے میرے کیریئر کو شدید نقصان پہنچا: فیصل اقبال

Aug 04, 2014

کراچی (آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈربلے باز فیصل اقبال نے کہاہے کہ کھیل میں موجودسیاست نے اس کے انٹرنیشنل کیریئرکا سخت نقصان پہنچایا ہے اوراس کی ترقی کی راہ میں بہت برااثر ڈالا ہے۔چودہ سال قبل انٹرنیشنل کیریئرکا آغاز کرنے والے32سالہ بیٹسمین تاحال 26ٹیسٹ اور 18ون ڈے انٹرنیشنل میچز سے آگے نہیں بڑھ سکے ہیں مگر وہ اب بھی ایک اور کم بیک کرنے کیلئے پرامید ہیں۔گزرتے وقت کے ساتھ ان میں یہ بے چینی اور احساس بھی بڑھتا جارہاہے کہ اب ان کے پاس زیادہ وقت نہیں رہاہے۔یہی وجہ ہے کہ آجکل وہ ہرپلیٹ فارم پر اپنا دکھڑا سناتے دکھائی دیتے ہیں۔ایک غیرملکی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک سپورٹنگ فیملی سے تعلق رکھنا میرے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔جب آپ کو کھیل وراثت میں ملتا ہے تو یہ آپ کے خون میں شامل ہوتاہے اور یہ قابل فخر بات ہوتی ہے۔یہی چیز اور اعزاز مجھے بھی حاصل ہے۔میرے والد ایک پروفیشنل ہاکی پلیئرتھے۔میرے ماموں جاویدمیانداد اس ملک کے عظیم ترین بیٹسمین رہے ہیں۔اس طرح انڈر 15 ورلڈکپ سے لیکر تمام ہائی لیول کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لئے بھی بڑے اعزاز کی بات ہے۔لیکن اسپورٹنگ فیملی سے تعلق رکھنے کے سبب ہونے والی سیاست نے میرے انٹرنیشنل کیریئرکو بری طرح متاثر کیا ہے۔میرے ساتھ کھیلی جانیوالی سیاست قطعی طورپرغیرمتوقع ہے۔

مزیدخبریں