بیجنگ(این این آئی+اے ایف پی)چین کے جنوب مغربی صوبے یونان اور مضافاتی پہاڑی علاقوں میں زلزلے سے 367 افرادہلاک اور1400سے زائد زخمی اور کائونٹی لڈان میں 12 ہزار مکانات تباہ ہوگئے ، پہاڑی علاقے میں آنے والے اس زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی اور راستوں کی بندش کی وجہ سے امدادی کارکنوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے آیا اور امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کی شدت رکٹر سکیل پر 6.1 تھی۔چینی حکام کا کہنا تھا کہ کم گہرائی میں آنے کی وجہ سے زلزلے کی شدت بہت زیادہ تھی اور اس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ جبکہ 180افراد لاپتہ سینکڑوں افراد ملبے تلے دبے ہیں۔زلزلے کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں میں بیشتر عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا۔چینی حکام نے امدادی کارروائیوں کے لیے چھ ہزار سکیورٹی اہلکار متاثرہ علاقے میں بھیج دیے،زلزلے سے لوشان کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا اور یہاں زلزلے کے آفٹر شاکس آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ہسپتال زخمیوں سے بھر گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق اس علاقے میں یہ گزشتہ 14برس میں شدید ترین زلزلہ تھا۔