اسلام آباد کیلئے نئے آئی جی پولیس کی تلاش ، وزیر داخلہ افسروں سے انٹرویو کرینگے

Aug 04, 2014

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کیلئے رواں ہفتہ کے دوران  پولیس افسروں کے انٹرویو کرینگے۔وزارت داخلہ کے تین اہم ذیلی اداروں نادرا، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور ایف آئی اے  کے مستقل سربراہان  کی تقرریاں بھی رواں ماہ متوقع ہیں جس کے لئے ابتدائی ہوم ورک کیا جاچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق  وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان  کو آئی جی اسلام آباد کے عہدے کے لئے موزوں امیدوار کی تلاش   ہے وہ موجودہ آئی جی سے خوش نہیں ۔ ذرائع کے مطابق رواں ہفتہ ہی  کئی  پولیس افسروں کے انٹر ویوز متوقع ہیں جن میں سے  ایسے افسر کو نیا آئی جی لگایا جائے گا جو چودہ اگست کو پی ٹی آئی کے آزادی مارچ کو ناکام بنانے سمیت وفاقی دار الحکومت کو درپیش دیگر سکیورٹی چیلنجز پر قابو پا سکے۔واضح رہے کہ موجودہ آئی جی آفتاب چیمہ کی تعیناتی وزیر داخلہ کی مشاورت کے بغیر عمل میں لائی گئی ہے اس لئے چوہدری نثار کو آفتاب چیمہ کی تعیناتی پر تحفظات ہیں اور وہ ان کو عہدے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں