چکوال (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ موجودہ گونگی اور بہری پارلیمنٹ کا 14 اگست کو دھڑن تختہ ہوجائے گا اور انشاء اللہ 15 اگست کو ملک میں آزاد جمہوریت کا سورج طلوع ہوکررہے گا۔ انہوں واضح الفاظ میں اعلان کیا کہ ہمارے حکومت کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، اب جمہوریت کی بقاء اور ایک نئے پاکستان کی تعمیر کے لئے 14 اگست کو اسلام آباد میں ملین مارچ کی صورت میں ہو گا۔ وہ چکوال میں پارٹی ورکروں سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری، سینئر نائب صدر ملک امین اسلم اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری، چودھری برادران، پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور تمام ہم خیال سیاسی قوتوں کو اسلام آباد کے ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے اور اس ضمن میں پاکستان تحریک انصاف کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ پنجاب حکومت نے ہمارے کارکنوں کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی تو عوام کا یہ سیلاب سب کو ساتھ بہا کر لے جائے گا۔ اسلام آباد ملین مارچ میں عمران خان نئے پاکستان کے لئے اپنا ایجنڈا پیش کریں گے، ملک کے عوام باشعور ہوچکے ہیںاور جانتے ہیں جمہوری حق کیلئے جدوجہد سے کسی بھی صورت جمہوریت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔