کراچی (سٹاف رپورٹر) ساحلوں پر نہانے اور سمندر میں کشتیاں چلانے پر پابندی کے باعث کراچی کی ساحلی بستیوں میں ہزاروں خاندا ن فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ہاربر پر 200 کشتیوں کے مالکان ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔ ایک لانچ پر دس افراد کام کرتے ہیں جو بے روزگار ہوگئے ہیں۔ حکومت نے کیماڑی اور منوڑا کے درمیان کشتیاں چلانے پر پابندی لگا دی ہے جس کا کوئی نوٹیفکیشن موجود نہیں۔ اتوار کو لانچوں کے مالکان نے مظاہرہ بھی کیا۔ حکومت نے ساحلوں پر نہانے پر پابندی لگائی ہے لیکن پولیس نے شہریوں کو ساحلوں پر جانے سے روک دیا ہے جس کے سبب پانچ ہزار خوانچہ فروش، سٹال ہولڈرز، ہوٹلوں اور ریستورانوں پر کام کرنے والوں کے گھروں پر بھی فاقے ہو رہے ہیں۔