اسلام آباد (ثناء نیوز+ آئی این پی) تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے کہا کہ پرویز رشید اور چودھری نثار کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، کوئی کارکن تحریک انصاف نہیں چھوڑے گا، ارکان کے استعفے تیار ہیں۔ حکومتی ترجمان کے بیان کے بعد تحریک انصاف کی ترجمان کا بھی جواب آگیا ہے۔ تحریک انصاف کی قیادت اور کارکن مسلم لیگ (ن) کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔ عمران خان جب استعفے مانگیں گے دے دینگے۔ حکومت کا مینڈیٹ جعلی ہے اسلئے ملک میں دوبارہ انتخابات ضروری ہیں۔ دھاندلی کی شکایت لے کر 14 ماہ تک ہر دروازہ کھٹکھٹایا مگر کوئی جواب نہیں آیا، اب وقت ختم ہو گیا ہے۔ 14 اگست کو اسلام آباد کی سڑکوں پر عوام فیصلہ کریں گے۔ لانگ مارچ کے معاملے پر حکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ دروازے کھلے ہیں مگر بیک ڈور چینل سے مک مکا نہیں ہوگا۔ حکومت جمہوری طریقے سے انتخابی اصلاحات لانے کو تیار نہیں، اسکی نیت ہی خراب ہے۔ آزادی مارچ کے شرکا کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ شیریں مزاری نے کہا ہے کہ حکومت نے مذاکرات کیلئے کوئی رابطہ نہیں کیا، صرف ڈس انفارمیشن پھیلا رہی ہے، مذاکرات ان سے کریں گے جو ہمارے مطالبات کو جائز تصور کریں گے، بیک ڈور چینل کوئی رابطے نہیں ہورہے، پرویز رشید کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، ہمارا احتجاج پرامن ہوگا، ایف نائن پارک میں ہم نے میلہ نہیں لگانا، مسلم لیگ(ن) کارکنوں اور رہنماوں کو دھمکی آمیز پیغامات بھیج رہی ہے، چودہ ماہ تک ہم نے انصاف کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹایا لیکن ہماری بات نہیں سنی گئی، پاکستان کی بہتری کیلئے کئی بل اسمبلی میں پیش کئے انکو غائب کردیا گیا، کارکن 14 اگست کو ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے۔ مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں اسد عمر اور دیگر رہنمائوں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ہماری لیڈشپ اور کارکنوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے دھمکایا جا رہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو گھروں سے نکال لیں ہم آپکو نظربند کر دیں گے۔ ہمارے کارکن اور لیڈر شپ اسطرح کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہمارا ہماری فیملی کا ایجنڈا ایک ہی ہے۔ پرامن احتجاج کرنا ہے ہمارا حق ہے اگر کچھ ہوا تو حکومت ذمہ دار ہوگی۔ حکومت کیساتھ بیک ڈوز چینل کوئی رابطہ نہیں ہو رہا نہ ہی حکومت نے کوئی رابطہ کیا ہے۔حکومت صرف ڈس انفارمیشن پھیلا رہی ہے بات چیت کا وقت ختم ہو گیا ہے، اب فیصلہ 14 اگست کو عوام اسلام آباد کی سڑکوں پر کریں گے۔ حکومت کی نیت خراب ہے، پرویز رشید کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، وہ اپنی جماعت اپنی جماعت بچائیں۔ مطالبات کو جائز ماننے والوں سے مذاکرات کرینگے۔ پی ٹی آئی نے اسمبلیوں میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ووٹ دالنے کا بل سمیت قومی اسمبلی میں کئی بل پیش کئے لیکن ان کو غائب کر دیا گیا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ حکمران جمہوریت کا نہیں فیملی لمیٹڈ کمپنی کا دفاع کررہے ہیں، جعلی مینڈیٹ والی حکومت تبدیلی نہیں لاسکتی، اصل جمہوریت میں اختیارات عوام کے پاس ہوتے ہیں۔ ہمیں جمہوریت کا درس دینے والے پارلیمینٹ میں سنجیدہ نہیں، اسمبلی میں اسلام آباد میں قانون کرایہ داری کے بل سمیت کئی بل جمع کرائے لیکن حکومت نے انہیں ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے۔
شیریں مزاری
پرویز رشید، نثار کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، کوئی کارکن پارٹی نہیں چھوڑے گا: شیریں مزاری
Aug 04, 2014