راولپنڈی (آئی این پی) انقلاب مارچ کے معاملے پر پاکستان عوامی تحریک میں پھوٹ پڑ گئی، سینئر نائب صدر پیر حبیب الرحمان سمیت کئی عہدیدار مستعفی ہوگئے۔ اتوار کو یہاں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہاکہ انقلاب کے نام پر ملک میں شدت پسندی کو فروغ دیا جارہا ہے، طاہر القادری کارکنوں کو پرتشدد کارروائیوں پر اکسا رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے سینئر نائب صدر پیر حبیب الرحمان، نائب صدر اخلاق احمد جلالی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری کامران اختر صدیقی، سیکرٹری فنانس راجہ پرویز حشمت اور سیکرٹری اطلاعات علامہ حیدر علوی نے طاہرالقادری کے انقلاب سے متعلق فلسفے سے اختلاف کرتے ہوئے پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دیدیا۔ مستعفی عہدیداروں نے کہا کہ گردنیں اڑائیں گے انقلاب لائیں گے، کے نعرے سے متفق نہیں، طاہرالقادری کارکنوں کو پْرتشدد کارروائیوں پر اکسا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انقلاب کے نام پر ملک میں شدت پسندی کو فروغ دیا جا رہا ہے، پارٹی اجلاس میں پولیس اہلکاروں کی وردیاں اتارنے کا کہا گیا، سر کے بدلے سر لانے کا بھی حکم دیا گیا۔
عوامی تحریک پھوٹ