لاڑکانہ، اسلام آباد (نیوزایجنسیاں+ سپیشل رپورٹ) پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر بیگم اشرف عباسی لاڑکانہ میں انتقال کر گئیں۔ نمازجنازہ آج ان کے آبائی علاقے میں ادا کی جائے گی۔ ان کی عمر 89 سال تھی۔ نماز جنازہ 10 بجے لاڑکانہ کے علاقے عرب پیر میں ادا کی جائے گی جس کے بعد تدفین آبائی قبرستان میں کی جائے گی۔ دریں اثنا پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بیگم اشرف عباسی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔ بیگم اشرف عباسی صفدر عباسی اور منور عباسی کی والدہ تھیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی بیگم اشرف عباسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ بیگم اشرف عباسی مرحومہ ایک منجھی ہوئی سیاستدان تھیں۔ جمہوری اور پارلیمانی اقدار کے فروغ کیلئے بیگم اشرف عباسی نے گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے بیگم اشرف عباسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثنا قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر جاوید مرتقیٰ عباسی نے بیگم اشرف عباسی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اشرف عباسی