لاہور ( کلچرل رپورٹر) پاکستان فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بہار بیگم نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری میں جتنا بھی کام کیا ہے اس سے مطمئن ہوں ، میں نے اپنے کیریئر کے دوران فلموں کی تعداد کی بجائے اس کے معیار کو ترجیح دی ہے اور اسی وجہ سے میرے پرستاروں کو میرا کام اچھا لگا ۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ شروع میں جب فلم انڈسٹری میں داخل ہوئی تو مجھے رقص نہیں آتا تھا اس کے لئے ماسٹر عاشق حسین سمراٹ مجھے ایک سال تک رقص کی تعلیم دیتے رہے مگر مجھے ڈانس آنا تھا اور نہ آیا ۔ لیکن یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ اب میں عوام میں پسندیدگی کا درجہ رکھتی ہوں جو کسی بھی فنکار کے لئے اعزاز کی بات ہوتی ہے ۔ بہار بیگم نے کہا کہ ہم نے تو اپنا کام کر لیا ہے اب نئے اداکاروں کا وقت ہے اور وہ محنت سے اپنی پہچان بنائیں ۔ ہمارے ملک میں ایک سے بڑھ کر ایک ٹیلنٹ موجود ہے صرف بات موقع ملنے کی ہے ۔