سرینگر (آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں سے نفرت کا یہ عالم ہے کہ بڑوں کیساتھ ساتھ معصوم بچے بھی اب اس کا کھل کر اظہار کر رہے ہیں، ایسے ہی ایک بچے کی تصاویر سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہو رہی ہیں جس میں اس نے مسلح بھارتی فوجیوں کے سامنے غلیل تانی رکھی ہے۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران آزادی کے متوالوں کی جانب سے قابض بھارتی فوج کیخلاف مظاہروں اور نفرت میں اضافہ ہوا ہے، بوڑھے، نوجوان، خواتین یہاں تک کہ بچے بھی نہتے ہونے کے باوجود سڑکوں پر جدید ترین ہتھیاروں سے لیس قابض بھارتی فوج کے سامنے سینہ سپر ہیں۔ رائی کو پہاڑ بنانے کے لیے بدنام بھارتی میڈیا اس بچے کی آنکھوں میں جلتی آزادی کی شمع کو عام بھارتیوں کو دکھانے کی جرأت نہیں رکھتا لیکن بھارت میں بھی اس تصویر کو دیکھنے کے بعد یہ احساس جاگ رہا ہے کہ اب کشمیریوں کو مزید زیادہ عرصے تک ان کے حق خود ارادیت سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔