کراچی (آئی این پی) انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقاریر کے 25 سے زائد مقدمات کی سماعت 23 اگست تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، ڈاکٹر فاروق ستار، رشید گوڈیل، خالد مقبول سمیت 20 ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کراچی میں اشتعال انگیز تقریر کے 25 سے زائد مقدمات کی سماعت ہوئی۔ خواجہ اظہار اور قمر منصور عدالت میں پیش ہوئے۔ رؤف صدیقی اور وسیم اختر کو پیش نہیں کیا جا سکا۔ عدالت نے پانچ سے زائد مقدمات میں مفرور ملزموں ایم کیو ایم کے قائد الطاف، فاروق ستار، رشید گوڈیل، خالد مقبول، سلمان مجاہد سمیت بیس ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دئیے اور پولیس کو ملزموں کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے سماعت 23 اگست تک ملتوی کر دی۔