اداروں کی مداخلت نے ملک میں سیاسی‘ معاشی استحکام نہیں آنے دیا: غفور حیدری

اسلام آباد (آئی این پی) ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اداروں کی مداخلت نے پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام نہیں آنے دیا، دو صوبوں میں ہم نے حکومتیں کیں مگر ہر دور میں دامن بچا کر چلے قرضہ معافی ہو آف شور کمپنیاں ہوں قومی دولت کی لوٹ مار اور بیرون ملک منتقلی ہو کہیں دینی جماعتوں کا نام نہیں آتا کرپشن سے پاک قیادت کو روکا جا رہا ہے، نا دیدہ قوتیں راستے میں رکاوٹ بنتی ہیں، ایسے کرپٹ لوگوں کو لایا جاتا ہے جنہیں بلیک میل کیا جاسکتا ہے اور جب چاہے انہیں نکال دیا جائے، دینی جماعتوں کو صاف ستھری قیادت کےلئے اکثریت حاصل کرناہو گی، تاکہ حکومت بن سکے۔ وہ جمعرات کو یہاں جے یو آئی (ف) سعودی عرب کے استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے ۔جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے استقبالیہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ عبدالغفور حیدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز ہمارے وزیراعظم تبدیل اور ادارے ایک دوسرے کے کاموں میں ادارے مداخلت کرتے ہیں، اس مداخلت نے ملک کو کمزور کر دیا ہے، مداخلت کے ذریعے قوانین کا بیڑہ غرق کر دیا جاتا ہے۔
غفور حیدری

ای پیپر دی نیشن