سیالکوٹ(نامہ نگار) گورنمنٹ خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج کے زیر کنٹرول گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کی وارڈمیں شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے درجنوں مریضوں کو وارڈز سے باہر نکال دیا جو کھلے آسمان تلے چھ گھنٹے شدید گرمی میں رہے ۔ ہسپتال کی انتظامیہ غائب رہی اور مریضوں وورثاءکا براحال رہا ، گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کی میڈیکل وارڈ میں شارٹ شرکٹ کی وجہ سے اچانک آگ لگی تھی جس کی وجہ سے دھواں پھیل گیااور مختلف وارڈز میں دھواں پھیل جانے کے بعد ہسپتال کی انتظامیہ نے زیر علاج تمام مریضوں کو زبردستی وارڈز سے باہر نکال دیا جوکہ مریض چھ گھنٹے تک کھلے آسمان تلے پریشان ہوتے رہے اور ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے کسی ڈاکٹر نے بھی مریضوں کا علاج معالجہ نہ کیا۔ ریسکیو1122کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا ،آگ کی وجہ سے وارڈز کے بیڈز اور دیگرسامان جل گیااور وارڈز کا براحال ہوا ۔ مریضوں کے ورثاءکا کہنا تھا کہ ادھیڑ عمر مریض بھی کھلے آسمان تلے پڑے ہیں اور پرنسپل کالج پروفیسر ظفر علی چوہدری اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بھی سیٹوں سے غائب ہیں اور کوئی شکایات سننے والاموجود نہ ہے اور نہ ہی کوئی مددکررہا ہے ۔
ہسپتال/ آتشزدگی