اسلام آباد (صباح نیوز+نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے شریف خاندان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے لئے درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن، حسین اور مریم نواز کے علاوہ کیپٹن (ر) صفدر اور سابق وزیرخزانہ اسحاق دار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے دائر درخواست پر 7 اگست کو سماعت ہو گی۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ نے مذکورہ افراد کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دیا تھا اس لئے ان کے ملک سے فرار کا خدشہ موجود ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ فریقین کے بینک اکاؤنٹس کو بھی منجمند کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔ خیال رہے کہ یکم اگست کو خدائی خدمات گار تنظیم کی جانب سے بھی شریف خاندان کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ صباح نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست پر عائد تمام اعتراضات دور کرتے ہوئے سماعت کیلئے منظور کرلیا گیا۔
شریف فیملی‘ اسحا ق ڈار کا ای سی ایل میں نام‘ اسلام آباد ہائیکورٹ پیر کو سماعت کریگی
Aug 04, 2017