اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ 35 سال اس کی بنیادوں کو ڈکٹیٹرز نے کھوکھلا کیا ہے، ہر ڈکٹیٹر نے پاکستان کو ایک عالمی جنگ کے اندر جھونک کر اس کے عوض ڈالرز حاصل کئے۔ یہ کہنا کہ ڈکیٹیٹروں نے پاکستان کو سیدھا کیا اور سیاستدانوں نے اسے خراب کیا یہ تاریخ کے ساتھ مذاق ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کا موازنہ شہید ذوالفقار علی بھٹو سے کیا ہی نہیں جا سکتا۔ ذوالفقار علی بھٹو عظیم رہنما تھے جنہوں نے کبھی سودے بازی نہیں کی اور تاریخ کو شاہد بنا کر انہوں نے اپنے فیصلے کئے اور شہادت کا پیالہ نوش کیا مشرف اپنی کمر پکڑ کر ملک سے بھاگ گئے اور جوابدہی کے عمل سے قاصر رہے ۔ان خیالات کا اظہار احسن اور شیری رحمن نے پرویز مشرف کے انٹرویو پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا وہ پرویز مشرف کا انٹرویو سن کر حیران ہوئے ہیں کس قدر ڈھٹائی سے پرویز مشرف باتیں کررہے ہیں عوام نے پرویز مشرف کو کس پیمانے سے کہا تھا کہ وہ نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹیں اگر عوام نے انہیں یہ کہا ہوتا تو پھر وہ 2008ء کے الیکشن میں یوں شکست نہ کھاتے اور 2002ء کے الیکشن میں دو تہائی مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام نہ ہوتے۔