اسلام آباد+ پشاور (آئی این پی+ بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن)خیبر پی کے کے صدر انجینئر امیر مقام نے عائشہ گلالئی کے معاملے پر بے بنیاد الزامات پر تحریک انصاف کو50کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا عائشہ گلالئی کی پریس کانفرنس کے بعد اس سے ایک منٹ کی بات ہوئی۔ بیٹیوں کی قسم اس سے پہلے یا بعد میں کبھی عائشہ گلالئی سے نہ ملا ہوں نہ کبھی بات ہوئی، سازشوں پر یقین نہیں رکھتا ،پیچھے سے وار اور سازش کرنا میری فطرت نہیں،قائد کا حکم ہو تو میں ایک ہفتے کے اندر خیبرپی کے حکومت کو ختم کرسکتا ہوں۔ عمران خان پاکستانی سیاست کا گندا انڈا ہے۔ پریس کانفرنس میں امیر مقام نے کہا کہ عمران خان پر الزامات انتہائی سنجیدہ ہیں جن کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ عمران پاکستان میں سیاست کو کس طرف لے جارہے ہیں سیاسی پارٹیاں اس کا نوٹس لیں۔ عمران خان ہمیں اخلاقیات کا درس دیتے ہیں مگر نتھیا گلی میں دن کی روشنی میں افطاریاں ہوتی ہیں۔ عمران خان کی داستانیں مجھے بتانے کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی ان کے خلاف عائشہ گلالئی یا ان جیسے کسی اور کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ خیبرپی کے میں کرپشن کے خلاف ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں تحریک انصاف کے اپنے ہی وزراء کرپشن کے خلاف واویلا کررہے ہیں۔ خیبر پی کے میں جو کچھ ہورہا ہے دنیا خود دیکھ رہی ہے۔ عمران خان نے ایسا کون سا چشمہ پہن رکھا ہے کہ انہیں خیبر پی کے میں کرپشن نظر نہیں آتی۔ مسلم لیگ (ن) ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوئی مسلم لیگ (ن) ایک مضبوط قلعے کا نام ہے حقیقت میں تحریک انصاف ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ پی ٹی آئی کے پچاس فیصد لوگ عمران خان سے تنگ آچکے ہیں عمران خان کے خلاف جو بھی بات کرتا ہے اس کو ڈی سیٹ کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے زرداری ‘ فضل الرحمن اور دیگر سینئر سیاستدانوں کو کہا کہ تیار ہوجائو میں آرہا ہوں، میں پوچھ رہا ہوں کہ عمران تم کون سے عزرائیل ہو جو جان نکالنے آرہے ہو۔ عمران نے پاکستانی سیاست میں گندی زبان کو پروان چڑھایا ہے۔ ادھر خیبر پی کے میں مسلم لیگ (ن) کی خواتین اراکین اسمبلی نے عمران خان کے خلاف قرارداد جمع کرا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عائشہ گلالئی کے الزامات کے بعد عمران خان کے خلاف آرٹیکل 62‘ 63 کے تحت تادیبی کارروائی ہونی چاہئے۔